QuestionsCategory: طہارتموزوں پر مسح کرنا اس وقت جائز ہے جب مکمل وضو کر کے انہیں پہنا ہو
محمد اطہر asked 2 years ago

سوال:
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!

مفتی صاحب!
میں نے ایک شخص کو دیکھا کہ اس نے وضو کرنے سے پہلے موزے پہنے۔ بعد میں وضو کیا اور موزوں پہ مسح کیا اور اس وضو سے نماز پڑھی۔ کیا اس طرح کرنا درست ہے؟ کیا اس طرح وضو ہو جاتا ہے؟

سائل: محمد اطہر، بھیرہ ضلع سرگودھا

1 Answers
Mufti Shabbir Ahmad Staff answered 2 years ago

جواب:
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!

اس طرح کرنا جائز نہیں ہے۔ یوں ان صاحب کا وضو نہیں ہوا۔ صحیح طریقہ یہ ہے کہ انسان پہلے کامل وضو کرے، اس کے بعد موزے پہنے۔  بلا وضو موزے پہن کر ان پر مسح کرنے سے شرعاً مسح نہیں ہو گا۔لہذا ان صاحب کو سمجھا دیا جائے کہ دوبارہ وضو کر کے نماز ادا کرے۔

حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:
قَالَ كُنْتُ مَعَ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي سَفَرٍ فَأَهْوَيْتُ لِأَنْزِعَ خُفَّيْهِ فَقَالَ دَعْهُمَا فَإِنِّي أَدْخَلْتُهُمَا طَاهِرَتَيْنِ فَمَسَحَ عَلَيْهِمَا.
صحیح البخاری: رقم الحدیث 206
ترجمہ: فرماتے ہیں کہ میں ایک مرتبہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کے ساتھ سفر پر تھا۔  میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے موزے اتارنے کے لئے جھکا تو آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا: انہیں چھوڑ دو!  میں نے وضو کر کے ہی انہیں پہنا ہے۔  اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے ان پر مسح فرمایا۔

واللہ اعلم بالصواب
دار الافتاء،
مرکز اھل السنۃ والجماعۃ سرگودھا پاکستان
4،  جمادی الاخریٰ 1443ھ
8، جنوری 2022ء