QuestionsCategory: نکاح و طلاقاسلامی نکاح کا طریقہ
Molana Muhammad Ilyas Ghumman Staff asked 3 years ago

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

محترمی و مکرمی  متکلم اسلام مولانا محمد الیاس گھمن حفظہ اللہ

عرض یہ ہے کہ میرا نکاح ہے شریعت کی نظر میں مجھے ایسا کیا کام کرنا چاہیے جس سے میرا نکاح اسلامی ہوجائے اور کیا اسلام میں شب زفاف منانے کا کوئی  طریقہ ہے ؟

      سائل: محمد شاداب ۔یوپی، ہندوستان

Molana Muhammad Ilyas Ghumman Staff replied 3 years ago

وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ و برکاتہ
’’نکاح کا مسنون طریقہ یہ ہے کہ خاندان کے چند شرفاء حضرات کو بلا کر دو گواہوں کے سامنے سادگی کے ساتھ نکاح کیا جائے(جس کی تفصیل یہ ہے کہ نکاح کا مسنون خطبہ پڑھنے کے بعد عورت کا نام مع ولدیت لے کر مرد سے کہے ”میں نے فلاں بنت فلاں کا نکاح تمہارے ساتھ بعوض مہر مبلغ اتنے روپئے کیا“ کیا تم نے قبو ل کیا؟ مرد جواب میں کہے ”میں نے اس کو قبول کیا“۔ خود عورت یا اس کے ولی یا اس کے وکیل کی اجازت کے بعد جب دو گواہوں کے سامنے مرد نے قبولیت کے الفاظ ادا کردیے، نکاح ہوگیا) پھر اگر وسعت ہو تو چھوہارے تقسیم کرایے جائیں۔ دلہن کودولہا کے گھر بھیج دیا جائے اور جو کچھ دلہن کو بطور صلہ رحمی دینا منظور ہو بلا کسی شہرت اور نمود کے خواہ اس کے ساتھ یا بعد میں بھیج دیا جائے۔ مہر حسب استطاعت ہو، شرعاً مہر کی کم سے کم مقدار دس درہم ہے اس سے کم درست نہیں۔ اور مروجہ رسم ورواج اور غیر شرعی چیزوں کو بالکل چھوڑ دیا جائے۔
عن عائشة -رضي اﷲ عنها- أن رسول اﷲ ﷺ قال: إن أعظم النکاح برکةً أیسره مؤنةً‘‘.
(مسند أحمد بن حنبل ج6ص86، رقم الحدیث: 25034)
حضور صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا :سب سے زیادہ برکت والا نکاح وہ ہے کہ جس میں خرچ کم ہو۔
شب زفاف کا شرعی طریقہ یہ ہے کہ پہلی ملاقات کے وقت پیشانی کے بال پکڑکر یہ دعا پڑھے: اللہم إني أسئلک من خیرہا وخیر ما جبلتہا وأعوذ بک من شرہا وشر ما جبلتہا علیہ اس کے بعد دو رکعت شکرانہ کی نماز پڑھیں، مرد آگے کھڑا رہے عورت پیچھے، نماز کے بعد خیر وبرکت، مودت ومحبت کے لیے دعا کریں، بوقتِ صحبت قبلہ کی طرف رخ نہ کرے، سر ڈھانک لے، بالکل برہنہ نہ ہو، بقدر ضرورت ستر کھولے، پردہ کا کامل خیال رکھے، کسی کے سامنے حتی کہ بالکل ناسمجھ بچہ کے سامنے بھی صحبت نہ کرے، جب صحبت کا ارادہ کرے تو اولاً بسم اللہ پڑھے، پھر یہ دعا پڑھے: ”اللہم جنبنا الشیطان وجنب الشیطان ما رزقتنا“ انزال کے وقت دل میں دعا پڑھے: ”اللہم لا تجعل للشیطان فیما رزقتنا نصیبا“، صحبت سے فراغت کے بعد یہ دعا پڑھے ”الحمد اللہ الذي خلق من الماء بشرا وجعلہ نسبًا وصہرًا․․
مزید تفصیل کے لیے بہشتی زیور باب (6) کتاب کا مطالعہ کریں۔
واللہ اعلم بالصواب