QuestionsCategory: نمازجمعہ کی شرائط کتنی ہیں؟
Molana Muhammad Ilyas Ghumman Staff asked 3 years ago

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

محترمی و مکرمی  متکلم اسلام مولانا محمد الیاس گھمن حفظہ اللہ

عرض یہ ہے کہ بستی ڈھانڈلہ جس کی آبادی سولہ سترہ سو کے قریب ہے اس میں تقریبا دو سال سے جمعہ شروع ہے ۔جمعہ شروع کرنے کی وجہ یہ بنی کہ مذکورہ بستی کے شمال میں بستی سکھانی ہے جس کی آبادی تقریبا پندرہ سو ہے اکثریت لوگ بریلوی مسلک کے ہیں اور یہاں جمعہ کافی عرصے سے شروع ہے اور مذکورہ بستی کے جنوب میں بستی چاہ کھٹہ ہے جس کی آبادی تقریبا بارہ سو ہے یہاں بھی بریلوی ہیں انہوں نے بھی اب مسجد کو بڑا کر کے جمعہ شروع کر دیا ہے

تو بستی ڈھانڈلہ والوں نے ایک جگہ سے فتوی لے کر ایک عالم دین کے ذریعے جمعہ شروع کر دیا جب کہ وہاں کے قریبی مدارس والے اب تک یہ کہتے ہیں کہ یہاں جمعہ نہیں ہوتا لہذا ظہر کی نماز پڑھی جائے ورنہ فرض ضائع ہو جائے گا

اب آپ سے مذکورہ بستی کے بارے میں چند باتیں پوچھنی ہیں

اس بستی میں جمعہ پڑھنا کیسا ہے؟

اس بستی میں جمعہ پڑھانا کیسا ہے ؟

  مذکورہ بستی میں دس بارہ سال سے صرف عیدین کی نماز پڑھی جا رہی ہے جبکہ جمعہ اب شروع ہوا ہے دو سال سے ان عید کی نمازوں کا کیا حکم ہے؟جمعہ پڑھانے والا دور سے مولوی صاحب آتا ہے اب بستی والے قریب کے ایک عالم دین کو خطیب مقرر کرنا چاہتے ہیں وہ عالم دین کہتا ہے پہلے کسی سے فتوی لے کر آوکہ میرا جمعہ پڑھانا درست ہے تب میں پڑھاوں گا۔

سائل:عمر فاروق  ۔الحبیب آٹوز ،تحصیل پروا، ضلع ڈیرہ اسماعیل خان

Molana Muhammad Ilyas Ghumman Staff replied 3 years ago

وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ و برکاتہ
جو بستی بڑی ہو اور وہاں ضروری سامان مل جاتا ہوں اور آبادی بھی زیادہ ہو اس میں جمعہ پڑھنا چاہیے اور اگر کسی جگہ جمعہ شروع ہو جائے تو اس جگہ جمعہ بند نہیں کرنا چاہیے یہ بند کرنا کئی مفاسد کا موجب بنتا ہے لہذا جمعہ جاری رہے اور وہاں جمعہ پڑھنا اور پڑھانا دونوں درست ہے اور اسی طرح عیدین بھی درست ہے
تنبیہ : یہ فتوی فقہ حنفی کے مطابق دیا گیا ہے مالکیہ ،حنابلہ، شوافع اپنی اپنی فقہ کے مطابق عمل فرمائیں۔