QuestionsCategory: حلال وحرامہاتھ سے شہوت پوری کرنے کے گناہ کو کیسے چھوڑا جائے؟
فواد علی asked 4 years ago

سوال:
مجھ سے اکثر ہاتھ کے ذریعے شہوت کا گناہ ہو جاتا ہے۔  آپ مجھے کوئی نصیحت فرمائیں تاکہ میں اس گناہ سے بچ سکوں۔ کوئی وظیفہ بھی بتا دیں تاکہ میں وہ پڑھتا رہوں اور اس فعل سے نجات پا سکوں۔ آپ کی بڑی مہربانی ہو گی۔
سائل: فواد علی۔ انڈیا

1 Answers
Mufti Shabbir Ahmad Staff answered 4 years ago

جواب:
سب سے پہلے پانچ وقت نماز جماعت سے ادا کرنا شروع کریں کہ قرآن پاک میں ہے کہ نماز انسان کو بری باتوں سے روکتی ہے۔ اس کے بعد ان کاموں  کا اہتمام کریں:
1۔ ہر قسم کے گناہ سے خصوصا اس گندی حرکت سے تہہ دل سے توبہ کریں اور آئندہ نہ کرنے کا پختہ عزم کریں۔
2۔ نفلی روزہ رکھنے کا اہتمام کریں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان کے مطابق روزہ شہوت کی شدت ختم کرتا ہے۔
3۔ کسی متقی، پرہیزگار اور  متبع سنت اللہ والے سے اپنا اصلاحی تعلق قائم کر لیں اور ان کی دی گئی ہدایات پر عمل پیرا ہوں۔ اس سے انسان شیطانی حملوں اور وساوس سے بچا رہتا ہے۔
4۔ لا حول ولا قوّۃ الا باللہ کا ورد کثرت سے کرتے رہا کریں اور اس یقین کے ساتھ کہ نیکی کرنے کی توفیق صرف اللہ کی طرف سے ہوتی ہے اور گناہوں سے بچانے والی ذات بھی صرف اللہ تعالیٰ ہی کی ذات ہے۔
5۔ روزانہ کم از کم 100 بار استغفار پڑھا کریں اور اس کے پڑھنے کے وقت ہو سکے تو رونے کی حالت بنا لیا کریں۔ استغفار سے فارغ ہو کر دو رکعت نماز نفل توبہ کی نیت سے ادا کیا کریں۔ ممکن ہو تو روزانہ اس کا معمول بنا لیں۔
مندرجہ بالا امور کا اہتمام کریں۔  ان شاء اللہ ان سے آپ کی یہ عادت بد چھوٹ جائے گی۔
 
واللہ اعلم بالصواب
دار الافتاء،
مرکز اھل السنۃ والجماعۃ سرگودھا پاکستان
19 محرم الحرام 1442ھ/
8- ستمبر 2020ء