QuestionsCategory: حج و عمرہعمرہ کے متعلق چند مسائل

سوالات:
چند سوالات کے جوابات مطلوب ہیں:
[1]:        جب ہم میقات پر احرام باندھنے کی نیت سے رکتے ہیں اور غسل کر کے وہاں پر احرام باندھتے ہیں تو وہاں پر مسجد بھی ہوتی ہے۔ تو کیا احرام پہننے کے بعد کوئی نفل پڑھنا بھی مسنون ہے ؟
[2]:        احرام پہن کر احرام کی نیت کرنے کے بعد لمبا سفر ہوتا ہے تو کیا ہم کسی حاجت کی وجہ سے احرام کھول کر دوبارہ ٹھیک کر سکتے ہیں؟ کیا اس پر دم تو نہیں آئے گا؟  یا بعض دفعہ گرمی کی شدت کی وجہ سے دوبارہ کھول کر غسل کر کے دوبارہ پہن سکتے ہیں؟
[3]:        اگر   کوئی بندہ ایک عمرہ مکمل کرنے کے بعد دوسرا عمرہ کرنا چاہے تو کیا وہ مکہ کے اندر جو مسجد عائشہ ہے -جو مقامی لوگوں کی میقات ہے- وہیں سے دوبارہ احرام باندھے گا یا واپس اسی میقات پہ آ کر باندھے گا جہاں نے اس نے پہلے احرام باندھا تھا؟
[4]:        کیا ایک سفر میں ایک ہی عمرہ کرنا ہوتا ہے یا زیادہ بھی کر سکتے ہیں؟ جیسا کہ اوپر میں نے اس کا تذکرہ کیا ہے ۔
سائل: محمد کامران، سعودی عرب

1 Answers
Mufti Shabbir Ahmad Staff answered 2 years ago

جوابات:
بالترتیب جوابات ملاحظہ ہوں:
[1]:        جی ہاں! اگر مکروہ وقت نہ ہو تو دو رکعت نفل پڑھنا مسنون ہے۔
[2]:        جی ہاں! ایسا کر سکتے ہیں بشرطیکہ  چادریں تبدیل کرتے ہوئے احرام کی پابندیوں  کا خیال رکھا جائے یعنی سر  یا چہرہ ڈھانپنے،  سلا ہوا کپڑا پہننے، جسم یا احرام کی چادروں کو خوشبو لگانے،  خوشبو دار تیل یا صابن استعمال کنے،  بدن کے کسی بھی حصے کے بال کاٹنے یا مونڈنے،  ناخن کاٹنے وغیرہ سے احتراز کیا جائے۔
[3]:        دونوں صورتیں درست ہیں۔
[4]:        جی ہاں! ایک ہی سفر میں ایک سے زائد عمرے کرنا درست ہے۔
امام ابو عمر یوسف بن عبد الله ابن عبد البر المالكی (ت463ھ) لکھتے ہیں:
والجمهور على جواز الاستكثار منها في اليوم والليلة لأنه عمل بر وخير فلا يجب الامتناع منه إلا بدليل ولا دليل أمنع منه بل الدليل يدل عليه بقول الله  عز وجل: ﴿وَافْعَلُوا الْخَيْرَ﴾
(الاستذکار لابن عبد البر: ج11 ص251)
ترجمہ:  جمہور فقہاء کا موقف یہ ہے کہ رات دن میں ایک سے زائد عمرے کرنا جائز ہے کیونکہ یہ خیر ونیکی کا عمل ہے جس سے منع بغیر کسی  دلیل کے نہیں کیا جا سکتا جبکہ حقیقتِ حال یہ ہے کہ اس کے منع پہ کوئی دلیل نہیں بلکہ دلیل تو اس کے کرنے پر موجود ہے جو کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ﴿وَافْعَلُوا الْخَيْرَ﴾ یعنی اے مؤمنو! نیکی کے کام کرتے رہا کرو!
واللہ اعلم بالصواب
دار الافتاء، مرکز اھل السنۃ والجماعۃ سرگودھا، پاکستان
15جمادی الاول 1443ھ
20- دسمبر  2021ء