QuestionsCategory: حج و عمرہایک سفر میں ایک سے زائد عمرے کرنے کا حکم
Molana Muhammad Ilyas Ghumman Staff asked 3 years ago

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

محترمی ومکرمی متکلم اسلام مولانا محمد الیاس گھمن حفظہ اللہ

عرض یہ ہے کہ ایک سفر میں ایک عمرہ سنت ہے یا زیادہ بھی کر سکتے ہیں ؟ اگر کر سکتے ہیں تو کیا ہر بار سر منڈوانا   ضروری ہے ؟

سائل: احسان افضل بھمبر

Molana Muhammad Ilyas Ghumman Staff replied 3 years ago

وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ و برکا تہ
باربار عمرہ کرنا جائز ہے اس میں کوئی ممانعت نہیں ۔
وھذا المتمتع آفاقی غیر ممنوع من العمرۃ ، فجاز لہ تکرارھا ،لانھا عبادۃ مستقلۃ ایضاً کالطواف ۔۔۔لان العمرۃ جائزۃ فی جمیع السنۃ بلا کراھۃ الا فی خمسۃ ایام لا فرق فی ذلک بین المکیّ والآفاقی
منحۃ الخالق علی ھامش البحر الرائق ۔کتاب الحج ،باب المتمتع
ترجمہ:
حج متمتع آفاقی کے لیے عمرہ ممنوع نہیں اس کے لیے بار بار عمرہ درست ہے اس لیے کہ عمرہ ایک مستقل عبادت ہے جیسے طواف ۔۔۔اس لیے کہ عمرہ تما م سال میں کرنا جائز ہے سوائے حج کے پانچ ایام کے اس ممانعت میں مکی اور آفاقی برابر ہیں ۔
البتہ مکہ مکرمہ حرم میں رہتے ہوئے زیادہ عمرے کرنے سے زیادہ طواف کرنا افضل ہے مگر شرط یہ ہے کہ عمرہ کرنے پر جتنا وقت لگتا ہے اتنا وقت یا اس سے زیادہ وقت طواف پر لگتا ہو ۔ کیونکہ طواف ایک مستقل عبادت ہے اور طواف کی صورت میں بندہ بیت اللہ کے قریب رہتا ہے اور قریب رہنے کی وجہ سے رحمتیں زیادہ حاصل ہوں گی اور عمرہ کی صورت میں بیت اللہ سے کا فی دیر دور رہے گا ۔
والطواف افضل من العمرہ اذا شغل بہ مقدار زمن العمرہ
غنیۃ الناسک ۔باب مقامہ بمکۃ ۔فتاوی شامی ۔کتاب الحج، مطلب الصلاۃ افضل من الطواف
ترجمہ:
کثرت طواف کثرت عمرہ سے افضل ہے اس شرط کے ساتھ کہ طواف پر عمرہ جتنا وقت لگے ۔
عمرہ کا آخری عمل جو اِحرام سے حلال ہونے کے لیے ہے ’’حلق‘‘ یا ’’قصر ‘‘ ہے، افضل یہ ہے کہ مرد حضرات پورے سر کے بال منڈوائیں اسے ’’حلق‘‘ کہاجاتاہے۔اوراگر کوئی شخص حلق نہیں کروانا چاہتا تو کم از کم چوتھائی سر کے بال ایک پورے کی مقدار قصر کرنا ضروری ہے، سر کےجس حصے سے بھی چوتھائی سر کی مقدار ایک پورے کے بقدر بال کاٹ دیے تو احرام سے حلال ہوجائے گا۔ ورنہ دم لازم آئے گا ۔ ہر بار عمرہ میں حلق یا قصر کرانا ضروری ہے اگر بال نہ ہوں پھر بھی استرا مشین پھیرنا ضروری ہے
وشروط الخروج منہ ای من احرام العمرۃ والحج فی الجملۃ الحلق او القصر ای قدر ربع شعر الراس ۔۔۔الخ
ارشاد الساری ۔باب الاحرام
ترجمہ:
احرام کی پابندیوں سے نکلنے کی شرائط میں سے اپنی سر کا حلق یا قصر کرانا ہے یعنی قصر کی صورت میں اپنے سر کے چوتھائی بال کاٹنا
واللہ اعلم بالصواب