QuestionsCategory: عقائدحدیث ”الأنبياء أحياء في قبورهم يصلون“ طبقہ ثالث کی کتاب میں ہے تو اس سے استدلال کیسے درست ہے؟
جمشید احمد asked 4 years ago

سوال :
 حدیث مبارک ”الأنبياء أحياء في قبورهم يصلون“ چوتھی صدی کے بزرگ امام ابویعلی  الموصلی نقل کر رہے ہیں جو کہ طبقہ ثالثہ سے ہیں  جن کے بارے میں مولانا محمد سرفراز خان صفدر صاحب نے اپنی کتاب ”راہ سنت“ (ص 165) پر تحریر کیا کہ اس طبقہ کی روایات سے عقیدہ اور عمل ثابت نہیں کیا جا سکتا۔ جبکہ عقیدہ  حیات النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اثبات کی بنیاد یہی حدیث ہے؟
سائل: جمشید احمد۔ انگلینڈ

1 Answers
Mufti Shabbir Ahmad Staff answered 4 years ago

جواب:
میرے استاذ محترم امام اہل السنت  والجماعت شیخ التفسیر والحدیث مولانا محمد سرفراز خان صفدر رحمہ اللہ کی مکمل عبارات کو اگر دیکھا جائے تو یہ اشکال جڑ سے ہی ختم ہوجاتا ہے۔ حضرت رحمہ اللہ کی چند  تصریحا ت ملاحظہ فرمائیں :
1:ایک جگہ فرماتے ہیں :
”یہ روایتیں کتب حدیث کے اس طبقہ کی ہیں جن میں بجز باسند اور صحیح  احادیث کے جن پر امت کا تعامل ہے اکثر احادیث کو محدثین ہرگز قبول نہیں کرتے نہ عقیدہ میں اور نہ عمل میں۔ “
(راہ سنت: ص173 )
2:دوسری جگہ اس طبقہ کی کتب میں مروی روایات کے بارے  فرماتے ہیں:
”ہاں! اگر اصول حدیث کے رو سے اس طبقہ کی کوئی حدیث سندا صحیح ثابت ہو تو اس کی  صحت میں کوئی کلام نہیں ہوسکتا۔ “
(گلدستہ توحید: ص144)
اور حدیث مبارک ”الأنبياء أحياء في قبورهم يصلون“سند کے اعتبار سے صحیح ہے ۔
3:تیسری جگہ فرماتے ہیں:
”نوٹ: اگر ان مذکورہ کتب میں کوئی ایسی روایت ہو جو سندا صحیح  ہو اور قران کریم اور صحیح احادیث سے متعارض نہ ہو  اور علی الخصوص جب کہ اکثر امت اور جمہور اہل اسلام  کااس پر تعامل بھی ہو تو اس کی صحت میں کوئی کلام نہیں ہے اور نہ یہ بات محل نزاع ہے اس لیے خلط مبحث کا شکار نہ ہوں اور نہ جاہل متعصب معترضین کی طرف توجہ کریں۔ “
(دل کا سرور: ص175)
ہماری پیش کردہ حدیث بھی صحیح ہےاور قرآن کے مطابق ہے اور اس عقیدہ پہ امت کا اجماع بھی ہے۔ لہٰذا بقول امام اہل السنت کے اس حدیث کی صحت میں کوئی کلام نہیں۔
نیز یہ بات بھی واضح رہے کہ خود استاذ محترم امام اہل السنت رحمہ اللہ نے اسی حدیث کو اپنی کتاب ”تسکین الصدور“ میں عقیدہ حیات النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی دلیل بنایا ہے۔ اس لیے مذکورہ اعتراض ختم ہو جانا چاہیے!
واللہ اعلم بالصواب
محمد الیاس گھمن
مرکز اھل السنۃ والجماعۃ سرگودھا پاکستان
22محرم الحرام 1442ھ/
11- ستمبر 2020ء