QuestionsCategory: عقائدبدعت کی تعریف
Molana Muhammad Ilyas Ghumman Staff asked 3 years ago

السلام علیکم و رحمۃ اللہ برکاتہ!

محترمی و مکرمی متکلم اسلام مولانا الیاس گھمن حفظہ اللہ

عرض یہ ہے کہ بدعت کیا   ہے اور  آ ج کل  کیا بدعات ہو رہے ہے ؟

سائل:ریاض اللہ

Molana Muhammad Ilyas Ghumman Staff replied 3 years ago

وعلیکم السلام و رحمتہ اللہ و برکاتہ !
(1) بدعت اُن چیزوں کو کہتے ہیں جن کی اصل شریعت سے ثابت نہ ہو، یعنی قرآنِ مجید اور حدیث شریف میں اُس کا ثبوت نہ ملے اور رسولُ اللہ ﷺ اور صحابۂ کرام اور تابعین اور تبعِ تابعین کے زمانہ میں اس کی ضرورت یا امکان کے باوجوداسے نہ کیا جائے، اور بعد کے زمانے میں اور اُسے دین کا کام سمجھ کر کیا یا چھوڑا جائے،
چنانچہ علامہ ابن حجر عسقلانی رحمتہ اللہ علیہ 852)ھ (فرماتے ہیں
والبدعۃ :اصلھاما احدث علی غیر مثال سابق وتطلق فی الشرع فی مقابل السنۃ فتکون مذمومۃ
فتح الباری ۔کتاب صلاۃ التراویح
ترجمہ:
بدعت ایسی نئی چیز کو کہتے ہیں جو بغیر نمونہ کے ایجاد کی گئی ہو اور شریعت میں سنت کے مقابلے میں بولا جاتا ہے لہذا وہ مذموم ہے
محمد امين بن عمر بن عبد العزيز عابدين دمشقی(م1252)فرماتے ہیں
ما احدث علی خلاف الحق المتلقی عن رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم من علم او عمل او حال بنوع شبھۃو استحسان وجعل دینا قویما و صراطا مستقیما
فتاوی شامی باب الامامہ
ترجمہ:
بدعت وہ امر ہے جسکو ایک قسم کے شبہ کے ساتھ اس حق کے خلاف ایجاد کیا جائے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم سے منقول ہو خواہ وہ قولی قسم ہو یا عملی یا حالی ہو اور اس امر کو دین اور صراط مستقیم سمجھا جائے
شیخ الاسلام علامہ شبیر احمد عثمانی (م1949 )فرماتے ہیں
بدعت کہتے ہیں ایسا کام کرناجس کی اصل کتاب و سنت اور صحابہ کرام رضوان اللہ اجمعین اور تابعین کے دور میں نہ ہو اور اس کو دین اور ثواب سمجھ کر کیا جائے
تفسیر عثمانی سورہ حدید تحت الایۃ ورھبانیۃ ابتدعوھا
(2) بدعات کا باب بہت وسیع ہے چند ایک مشہور بدعات کا ذکر کیا جاتا ہے
چند مروجہ بدعات:
1. غمی کی تقریبات اور ضیافتیں مثلا تیجہ چہلم رسمی قرآن خوانی مزارات پر عرس قوالی وغیرہ
2. نماز جنازہ میں بلند آواز سےقراءۃ کرنااور نماز جنازہ کے فورا بعد اجتماعی دعا وغیرہ
3. محرم میں ماتم کرنا جلوس نکالنا سبیل لگانا وغیرہ
4. قرآن و حدیث کا نام لیکر اجتہاد و تقلید کا انکار کرنا وغیرہ
5. احادیث صحیحہ کے نام پر احادیث کا انکار کرنا وغیرہ
واللہ اعلم بالصواب