QuestionsCategory: عقائدامام ابو منصور ماتوریدی کی تقلید
Molana Muhammad Ilyas Ghumman Staff asked 3 years ago

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ !

محترمی و مکرمی متکلم اسلام مولانا محمد الیاس گھمن حفظہ اللہ

[1]:   بعض لوگ یہ اعتراض کرتےہیں کہ حنفی لوگ عقائد میں امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کو چھوڑ کر امام ابو منصور ماتریدی کی تقلید کرتے ہیں  اور عقائد میں خود  کو ”ماتریدی“ کہتے ہیں۔ کیا امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کا عقیدہ غلط تھا  کہ ان کی طرف نسبت نہیں کی؟ اس سے تو پتا چلتا ہے کہ امام ابو منصور ماتریدی  کا عقیدہ امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے خلاف تھا  ورنہ عقائد میں امام ابو منصور ماتریدی کی تقلید کرنے کا مطلب کیا ہے؟

[2]:   لوگ یہ بھی کہتے ہیں کہ”شرح العقائد“  نامی کتاب امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے خلاف ہے؟ کیا یہ بات درست ہے؟

سائل: محمدحمزہ۔مولمین ،برما

Molana Muhammad Ilyas Ghumman Staff replied 3 years ago

وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ و برکاتہ!
[1]: امام ابو منصور محمد بن محمود السمرقندی الماتریدی (م 333 ھ)تین واسطوں سے امام اعظم امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے شاگرد ہیں اور فقہ میں امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے مقلد ہیں ۔آپ نے اپنے زمانہ کے تمام باطل فرقوں کا مقابلہ کیا اور اھل السنۃ والجماعۃ کے عقائد کی صحیح ترجمانی کی ۔
ہم اصول و فروع میں امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ علیہ کے مقلد ہیں ۔ ہم اھل السنۃ والجماعۃ احناف عقائد میں اپنی نسبت امام ابو منصور الماتریدی کی طرف اس لیے کرتے ہیں کیونکہ علم الکلام کے میدان میں باطل و گمراہ فرقے مثلاًمعتزلہ ، جہمیہ،کرامیہ، مشبہہ وغیرہ نے عقائدکی ایسی تعبیرات اور تشریحات کی تھیں جو اھل السنۃ والجماعۃ کے اعتقادات کے خلاف تھیں ۔تو انہوں نے ان باطل فرقوں کا رد کرکے اھل السنۃ والجماعۃ کے عقائد کی صحیح ترجمانی کی۔اس لیے ہم اپنی نسبت ان کی طرف کرتے ہیں ۔
خلاصہ یہ ہے کہ ہماری ماتریدی کی نسبت معتزلہ کے مقابلے میں ہے نہ کہ امام اعظم امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ علیہ کے مقابلے میں۔
[2]: ان لوگوں کی یہ بات قطعاً غلط ہے کہ ”شرح العقائد“ امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے خلاف ہے۔ ان سے استفسار کریں کہ اس کتاب کا کوئی عقیدہ امام صاحب کے کے اعتقاد کے خلاف ہے تو پیش کریں¬!
واللہ اعلم بالصواب