QuestionsCategory: عقائداحناف کی عقائد میں پیروی کرنا
Molana Muhammad Ilyas Ghumman Staff asked 3 years ago

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

محترمی و مکرمی  متکلم اسلام مولانا محمد الیاس گھمن حفظہ اللہ

عرض یہ ہے کہ کیا احناف عقیدہ میں امام اعظم امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ  کی تقلید نہیں کرتے ؟

سائل :محمد سرتاج خان ۔ینبع ،سعودی ،عرب

Molana Muhammad Ilyas Ghumman Staff replied 3 years ago

وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ و برکاتہ
واضح رہے کہ احناف نےعقائد کے باب میں امام ابوحنیفہ کو چھوڑا نہیں ہے،اور نہ ہی عقائد میں کسی کی تقلید کی جاتی ہے۔بلکہ فروعی مسائل میں تقلید کی جاتی ہے ۔ عقائد کے بیان و اسلوب کا جو سلسلہ امام ابوحنیفہ سے چلا تھا، اسی سلسلے کو امام ابومنصور ماتریدی نے مضبوط و مستحکم کیا اور اس کے بعد جتنے بھی علماء اس فن کے ماہر ہوئے وہ یا تو براہ راست انہی کے شاگرد تھے یا ان کے شاگردوں کے شاگرد اورانہی کی کتابوں کے فیض یافتہ تھے ، اس لیے نسبت انہی کی طرف کی جاتی ہے ۔
ہم اصول و فروع میں امام اعظم امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے مقلد ہیں اور اہل السنہ والجماعہ احناف عقائد میں اپنی نسبت امام ابو منصور الماتریدی کی طرف اس لیے کرتے ہیں کیونکہ علم کلام کے میدان میں باطل اور گمراہ فرقے مثلا معتزلہ، جہمیہ، کرامیہ، مشبہ وغیرہ نے عقائد کی ایسی تعبیر اور تشریحات کی تھیں جو السنہ والجماعہ کے اعتقادات کے خلاف تھی رد کرکے اہل السنہ والجماعہ کے عقائد کی صحیح ترجمانی کی اس لیے ہم اپنی نسبت ان کی طرف کرتے ہیں۔
امام ابو منصور محمد بن محمود السمرقندی الماتریدی تین واسطوں سے امام اعظم امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے شاگرد ہیں اور فقہ میں امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے مقلد ہیں آپ تمام باطل فرقوں کا مقابلہ کیا اوراہل السنہ والجماعۃ کے عقائد کی صحیح ترجمانی کی۔
خلاصہ یہ ہے کہ ہماری ماتریدی کی نسبت معتزلہ کے مقابلے میں ہے نہ کہ امام اعظم امام ابو حنیفہ واللہ اعلم بالصواب