AhnafMedia

ایک سوال

Rate this item
(1 Vote)

ایک سوال

مصباح جبار

آج ایک سوال کرنا چاہوں گی آپ سب سے، مکمل پڑھ کر جواب دیجیئے گا، ٹھیک ہے؟

آج کل ہم دیکھتے ہیں کہ ہماری اکثریت بڑے مشہور و معروف مصنفوں کی لکھی ہوئی کتابیں، ناول کہانیاں، تحریریں پڑھنا بڑا پسند کرتی ہے۔ اکثر لوگ میگزین اور مختلف کتابوں میں یہ کہانیاں اور ناولز تلاش کرتے ہیں اور کچھ لوگ یہ سب انٹرنیٹ کی دنیا میں تلاش کرتے ہیں اور بڑے مزے لے لے کر پڑھتے ہیں اور پڑھتے پڑھتے کبھی بور نہیں ہوتے اور بہت غور و فکر کے ساتھ سمجھ سمجھ کر پڑھتے ہیںکوئی ایک لائن سمجھ ناں آئے تو دو تین بار اسی لائن کو پڑھتے جاتے ہیں یہاں تک کہ سمجھ آجائے کہ لکھنے والا کہنا کیا چاہ رہا ہے اور یہ سب کہانیاں پڑھ کر بعض دفعہ تو ہماری آنکھوں میں آنسو بھی آجاتے ہیں اور بعض دفعہ پڑھتے پڑھتے ہم ہنس بھی پڑتے ہیںیہ اس بات کی علامت ہے کہ یہ سب پڑھنے میں ہمیں بہت مزا آرہا ہے اور سب سمجھ بھی آرہی ہے ہم پڑھتے پڑھتے نہیں تھکتے کیونکہ ہمیں اس کتاب کے مصنف کی باتیں پسند آجاتی ہیں۔

اب ایک سوال میرے ذہن میں بیٹھ کر پریشان کرتا رہتا ہے وہ یہ کہ ایک بہت ہی مشہور و معروف کتاب ہے اور سب سے زیادہ مفید بھی ،اس کتاب میں قصے بھی بڑے زبردست اور رلا دینے والے ہیں اورسب سے بڑی بات یہ کہ یہ قصے سو فیصد سچے بھی ہیں۔اس کتاب میں علم کا خزانہ ہے ، اس کتاب میں ماضی، حال اور مستقبل سبھی کا ذکر ہے، میں تو اس کتاب کی تعریفیں بیان کرنے سے بالکل قاصر ہوں مگر مجھے یہ بات حیران و پریشان کیے ہوئے ہے کہ ہم لوگوں کی اکثریت اس زبردست مشہور و معروف کتاب کو پڑھنا گوارا ہی نہیں کرتی جبکہ اس کتاب سے بہتر اور مفید کتاب کسی کی بھی نہیں اور ہم میں سے کچھ لوگ ہیں جو پڑھ تو لیتے ہیں اس کتاب کو مگر انہیں مزا ہی نہیں آتا ، نا ںکچھ سمجھ آتی ہے ، ناں وہ سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں اور ناں کبھی غور کیا اس کتاب میں کہ آخر کہنے والا کہنا کیا چاہ رہا ہے؟ اس کتاب کو کھولناہی آج ہماری اکثریت کو بہت بھاری لگتا ہے اور اگر کبھی کھولنے کی نوبت آجائے تو فورا جمائیوں کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے یہ ایک ممکنہ علامت ہے کہ پڑھنے والے کو اس کتاب میں شاید کوئی زیادہ دلچسپی نہیں بہت ممکن ہے کہ آپ سب کو میری اس بات سے اتفاق ہوگا ، ایسا ہی ہے ناں؟؟؟

تو آئیں ہم دیکھیں کہ آخر وہ کتاب ہے کون سی؟؟؟

قرآن کریم !!!

جی یہی وہ کتاب ہے جسے پڑھنے میں آج ہمیں زیادہ دلچسپی نہیں، جی یہی وہ کتاب ہے جسے آج کھولنا بھی ہم پر بھاری ہے، اگر غلطی سے کھول لیں تو بند کرنے کی جلدی اور پھر جمائیاںاس کتاب سے ہماری محبت اور دلچسپی ظاہر کر دیتی ہیں، مخلوق کی لکھی کتاب پڑھ کر آنسو کا آنا، کبھی مسکرانااور گھنٹوں کتاب کا مطالعہ کرنا اس کتاب کے مصنف سے ہماری دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے مگر مخلوق کے خالق کی کتاب میں ہمیں وہ لذت اور مزا کیوں نہیں ملتا؟

اسکی وجہ یہ ہرگز نہیں کہ خالق کی کتاب بورنگ ہے العیاذ باللہ بلکہ وجہ صرف یہ ہے کہ دراصل ہم نے کبھی اس کتاب کو سمجھ کر پڑھا ہی نہیں اور ناں کبھی سمجھنے کی کوشش کی۔ یقیناً ہمارے خالق کی کتاب سب سے عظیم ہے اس میں کوئی شک نہیں کبھی ناولوں کی طرح ہم اپنے خالق کی کتاب کو بھی غور سے سمجھ کر پڑھ کر تو دیکھیں اگر دل میں آخرت کا ڈر و خوف ہے تو آنکھیں خود بھیگ جائیں گی اگر اپنے خالق سے سچی محبت ہے تو اس کی کتاب سے محبت خود بخود ہوجا ئے گی۔

اَلَمْ یَأنِ لِلَّذِیْنَ آمَنُوْا اَنْ تَخْشَعَ قُلُوْبُہُمْ لِذِکْرِ اللّٰہِ وَمَا نَزَلَ مِنَ الْحَقِّ

’’کیا مومنوں کے لئے ابھی تک وہ وقت نہیں آیا کہ اللہ کی یاد سے اور جو اللہ عزوجل برحق کی طرف سے نازل ہوا ہے، ان کے دل نرم ہوجائیں ؟؟؟‘‘

ہمیں چاہیے کہ یہ سوال ہم سب اپنے آپ سے کریں ہمیں اپنے نامناسب طرزِ عمل کا خود اندازہ ہوجائے گا۔

Read 1555 times

DARULIFTA

Visit: DARUL IFTA

Islahun Nisa

Visit: Islahun Nisa

Latest Items

Contact us

Markaz Ahlus Sunnah Wal Jama'h, 87 SB, Lahore Road, Sargodha.

  • Cell: +(92) 
You are here: Home Islamic Articles (Urdu) ایک سوال

By: Cogent Devs - A Design & Development Company