QuestionsCategory: نکاح و طلاقنکاح کے شرائط
زبیر احناف asked 5 years ago

السلام علیکم

برائے مہربانی نکاح کے شرائط تفصیل سے بیان فرما دیں۔

1 Answers
Mufti Pirzada Akhound answered 5 years ago

الجواب حامدا ومصلیا 
شرائط نکاح: عقد نکاح کے منعقد ہونے اور تشکیل پانے کے لئے کچھ شرطیں ہیں، اگر ان شرطوں میں سے کوئی شرط موجود نہ ہوگی تو نکاح منعقد نہ ہوگا۔
(1) ہم دین یعنی مرد اور عورت کا ایک مذہب اسلام میں ہونا ضروری ہے البتہ مسلمان مرد کا نکاح کتابیہ عورت (یہودی یا عیسائی) سے جائز ہے۔
(2)ایجاب وقبول کا ایک مجلس ہونا ضرور ی ہے یعنی ایجاب وقبول کے درمیان ایسا کوئی کام نہ ہو جس سے ایجاب وقبول کا غیر اہم ا ور نامنظور ہوناسمجھا جائے ۔
(3) ایجاب وقبول کرنے والوں کا عاقل ہونا ضروری ہے۔
(4) ایحاب وقبول کے وقت کم از کم دو مسلم عاقل و بالغ گواہوں کی موجودگی ضروری ہے، اور وہ دونوں گواہ ایک ساتھ ایجاب وقبول کو سنیں اور سمجھیں، دونوں گواہ مرد ہوں یا ایک مرد اور دو عورتیں ہوں، اور وہ گواہ عاقدین سے واقف ہوں۔
(5) یہ ضروری ہے کہ عاقدین میں سے کسی میں شرعی طور پر عدم قابلیت نہ پائی جائے مثلاً عورت محرمات میں سے نہ ہوں۔
(6) نکاح صرف انسان مرد اور انسان عورت کے درمیان ہوسکتا ہے، انسان کا نکاح دوسری مخلوق مثلاً جن کے ساتھ نہیں ہوسکتا ۔ اس طرح مرد کا نکاح مرد کے ساتھ یا عورت کا نکاح عورت کے ساتھ نہیں ہوسکتا۔
(7) عقد نکاح میں عورت کے مہر کی صراحت ہونی چاہیے۔ اگر مہر کی صراحت نہیں کی تب بھی مہر مثل لازم ہوجائے گا۔
(8) نکاح کسی مدت اور وقت کے ساتھ مقید نہ کیا جائے ورنہ نکاح منعقد نہ سمجھا جائے گا۔
واللہ اعلم بالصواب 
دارالافتاء مرکز اھل السنۃ والجماعۃ سرگودھا پاکستان
4جولای 2019