QuestionsCategory: طہارتوضو کا طریقہ
زبیر حسین asked 5 years ago

برائے کرم وضو کا مسنون طریقہ تحریر فرما دیں

 

1 Answers
Mufti Mahtab Hussain Staff answered 5 years ago

الجواب حامدا و مصلیا و مسلما:
جب وضو کرنے کا ارادہ ہو تو وضو کی نیت کر کے کہ میں اللہ تعالی کی رضا اور ثواب و عبادت کے لئے وضو کرتا ہوں،کسی پاک صاف برتن میں پاک پانی لے کر پاک صاف اونچی جگہ قبلہ رو بیٹھ کر{بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ} (شروع کرتاہوں اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان اور نہایت رحم والا ہے) یا {بِسْمِ اللّٰہِ الْعَظِیْمِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلٰی دِیْنِ الْاِسْلَامِ }(اس اللہ کے نام سے شروع کرتا ہوں جو عظمت والا ہے اور تمام تعریفیں اس اللہ کے لئے ہیں جس نے دین اسلام کی دولت عطا فرمائی) پڑھیں،پھر دونوں ہاتھ گٹوں تک تین دفعہ یہ پڑھتے ہوئے { اَللّٰھُمَّ اِنِّی اَسْئَلُکَ الْیُمَنَ وَالْبَرَکَۃَ وَاَعُوْذُبِکَ مِنَ الشُّؤمِ وَالْھَلَاکَۃِ}(اے اللہ ۱ میں آپ سے خیر وبرکت کا سوال کرتاہوں اور نحوست و ہلاکت سے پناہ مانگتا ہوں)دھوئیں،پھر دائیں ہاتھ سے تین دفعہ کلی کریں،پھر مسواک کریں،اگر مسواک نہ ہو تو موٹے کپڑے یا انگلی سے دانت صاف کریں،اگر روزہ نہ ہو تو غرغرہ یعنی کلی میں مبالغہ کریں،کلی کی دعا {اَللّٰھُمَّ اَعِنِّی عَلٰی تِلَاوَۃِ الْقُرْآنِ وَ ذِکْرِکَ وَشُکْرِکَ وَ حُسْنِ عِبَادَتِکَ}(اے اللہ! تلاوت قرآن اور اپنے ذکر و شکر کی توفیق عطا فرما)پڑھیں،پھر دائیں ہاتھ سے تین بار، ہر مرتبہ نیا پانی لے کر ناک میں یہ دعا پڑھتے ہوئے { اَللّٰھُمَّ اَرِحْنِی رَائِحَۃَ الْجَنَّۃِ وَلَا تُرِحْنِی رَائِحَۃَ النَّارِ}(اے اللہ ! جنت کی خوشبو نصیب فرما اور جہنم کی بدبو سے حفاظت فرما) پانی ڈالیں،اگر روزہ نہ ہو تو پانی نتھنوں کی جڑ تک پہنچائیں اور بائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی ناک میں ڈال کر اسی ہاتھ سے ناک صاف کریں،پھر یہ دعا پڑھتے ہوئے{اَللّٰھُمَّ بَیِّضْ وَجْہِی یَوْمَ تَبْیَضُّ وُجُوْہٌ وَ تَسْوَدُّ وُجُوْہٌ}(اے اللہ ! میرا چہرہ اس دن چمک دار بنادے جس دن کچھ چہرے سفید اور کچھ سیاہ ہوں گے)تین مرتبہ پیشانی کے بالوں سے تھوڑی کے نیچے تک اور ایک کان کی لو سے دوسرے کان کی لو تک اس طرح چہرہ دھوئیں کی سب جگہ پانی پہنچ جائے۔دونوں ابروؤں اور مونچھوں کے نیچے بھی پانی پہنچ جائے ،کوئی جگہ بال برابر بھی خشک نہ رہے۔ چہرہ پرپانی زور سے نہ ماریں،اگر احرام بندھا ہوانہ ہو تو ڈاڑھی کا خلال کریں،پھر تین دفعہ یہ دعا {اَللّٰھُمَّ اَعْطِنِی کِتَابِیْ بِیَمِیْنِیْ وَ حَاسِبْنِیْ حِسَابًا یَّسِیْراً} (اے ا للہ !میرا نامہ اعمال دائیں ہاتھ میں عطا فرمانا اور میرا حساب آسان فرما دیجئے)پڑھتے ہوئے داہنا ہاتھ کہنی سمیت دھوئیں ،ہاتھ پر پانی ڈالنے میں انگلیوں سے ابتدا کریں،انگوٹھی،چھلہ،گھڑی وغیرہ پہنا ہو تو ان کو ہلائیں تاکہ کوئی جگہ خشک نہ رہے،پھر اسی طرح بایاں ہاتھ یہ دعا پڑھتے ہوئے { اَللّٰھُمَّ لَا تُعْطِنِیْ کِتَابِیْ بِشِمَالِیْ وَلَا مِنْ وَّرَآئِ ظَھْرِیْ}(اے اللہ ! میرا نامہ اعمال میرے بائیں ہاتھ میں نہ دیجئے اور نہ پشت کی طرف سے دیجئے)تین دفعہ دھوئیں۔انگلی کا خلال کریں،اس طرح کہ ایک ہاتھ کی انگلیوں کو دوسرے ہاتھ کی انگلیوں میں ڈالیں اور پانی ٹپکتا ہوا ہو،پھر دونوں ہاتھ کو تر کر کے ایک مرتبہ یہ دعا{اَللّٰھُمَّ اَظِلَّنِی تَحْتَ ظِلِّ عَرْشِکَ یَوْمَ لَا ظِلَّ اِلَّا ظِلُّ عَرْشِکَ} (اے اللہ ! مجھے اس دن اپنے عرش کا سایہ عطا فرما جس دن آپ کے عرش کے سوا کوئی سایہ نہ ہوگا) پڑھتے ہوئے پورے سر کا مسح کریں ، مسح کا مسنون طریقہ یہ ہے کہ ہاتھ گیلے کر کے دونوں ہاتھوں کی ہتھیلی اور انگلیوں کے باطنی حصے سے پیشانی کے بالوں سے مسح شروع کرکے گدی تک لے جائے اور پھر واپس گدی سے پیشانی تک لے آئے ، پھر جب کانوں کا مسح کرنے لگے تو یہ دعا {اَللّٰھُمَّ اجْعَلْنِیْ مِنَ الَّذِیْنَ یَسْتَمِعُوْنَ الْقَوْلَ فَیَتَّبِعُوْنَ اَحْسَنَہٗ} (اے اللہ! مجھے ان لوگوں میں سے بنا جو اچھی سنی ہوئی بات پر عمل بھی کرتے ہیں)پڑھتے ہوئے کانوں کا مسح کریں۔کلمہ کی انگلی سے کان کے اندر کی طرف اور انگوٹھے سے باہر کی طرف ۔دونوں چھوٹی انگلی کان کے سوراخ میں ڈالے،پھر انگلیوں کی پشت کی طرف سے ایک مرتبہ یہ دعا{اَللّٰھُمَّ اَعْتِقْ رَقَبَتِیْ مِنَ النَّارِ} (اے اللہ ! میری گردن کو جہنم سے آزاد فرمادیجئے)پڑھتے ہوئے گردن کا مسح کریں،پھر دونوں پاؤں پہلے دایاں یہ دعا{اَللّٰھُمَّ ثَبِّتْ قَدَمَیََّ عَلَی الصِّرَاطِ یَوْمَ تَزِلُّ الْاَقْدَامُ} (اے اللہ ! میرے پاؤں کو پل صراط پر ثابت قدم رکھنا جس دن وہاں بہت سے قدم پھسل رہے ہوں گے)پڑھتے ہوئے ٹخنوں سمیت تین دفعہ دھوئیں،پھربایاں یہ دعا {اَللّٰھُمَّ اجْعَلْ ذَنْبِیْ مَغْفُوْراً وَ سَعْیِیْ مَشْکُوْراً وَتِجَارَتِیْ لَنْ تَبُوْرَ} (اے اللہ ! میرے گناہ کو بخش دے اور میری کوشش کو قبول فرما اور میری تجارت کو خسارے سے بچا) پڑھتے ہوئے تین بار دھوئیں،ہر بار انگلی کا خلال کرے،اس طرح کہ بائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی سے داہنے پاؤں کی چھنگلی سے شروع کر کے انگوٹھے تک پھر بائیں پاؤں کے انگوٹھے سے شروع کر کے چھنگلی پر ختم کریں۔ہر عضو کو دھوتے ہوئے بسم اللہ اور کلمہ و درود شریف بھی پڑھ لیا کریں،اگر وضو سے کچھ پانی بچ جائے تو قبلہ رخ کھڑے ہوکر پی لیں، پھر آسمان کی طرف منھ کر کے کلمۂ شہادت {اَشْھَدُ اَنْ لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہُ لَا شَرِیْکَ لَہُ وَاَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّداْ عَبْدُہُ وَرَسُوْلُہٗ }(میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں،وہ یکتا ہے،اس کا کوئی شریک نہیں اور گواہی دیتا ہوں کہ حضرت محمد ﷺ اس کے بندے اور رسول ہیں) پڑھ کر یہ دعا{اَللّٰھُمَّ اجْعَلْنِیْ مِنَ التَّوَّابِیْنَ وَاجْعَلْنِیْ مِنَ الْمُتَطَھِّرِیْنَ}(اے اللہ ! مجھے بہت توبہ کرنے والوں اور پاکی حاصل کرنے والوں میں بنا دیجئے) پڑھیں اور آخر میں “سبحانک اللھم وبحمدک اشھد ان لا الہ الا انت استغفرک و اتوب الیک” بھی پڑھیں۔واللہ اعلم بالصواب
دار الافتاء مرکز اہل السنۃ والجماعۃ
سرگودھا پاکستان
17 ذی قعدہ 1440ھ مطابق 21 جولائی 2019