QuestionsCategory: طہارتپاکی اور ناپاکی کے مسائل
Ahmed Khan asked 5 years ago

مفتیان کرام کی خدمت میں پاکی ناپاکی کے حوالے سے دو سوال بھیجتا ہوں

1۔ میں امریکہ میں مقیم ہوں۔ جس بلڈنگ میں میری رہائش ہے وہاں وقتا فوقتا سویپرواش روم صاف کرتے ہیں لیکن ان میں پاکی ناپاکی کا تصور نہیں ہوتا، لہذا عین ممکن ہے کہ جس کپڑے سے ناپاکی صاف کرتے ہوں وہی کپڑے نلکے وغیرہ پر بھی لگاتے ہوںتو کیا ہمیں نلکوںکو ناپاک تصور کرنا چاہیے؟

اس میں یہ مشکل رہتی ہے کہ جب بھی گیلے ہاتھ نلکے کو لگ جائیں تو یوں محسوس ہوتا ہے کہ ہاتھ ناپاک ہو گئے ہیں۔

برائے مہربانی رہنمائی فرمائیں۔

2۔ پاکستان میں بھی عموماً دیکھنے کو ملا ہے کہ صفائی کرنے والے عموماً کپڑے کو پانی کی بالٹی میں ڈال کرگیلا کر لیتے ہیں اس سے واش روم کی فرش پر پونچھا لگا لیتے ہیں اور پھر اسی کپڑے کو دوبارہ اسی بالٹی میں ڈال کر باقی گھر کو پونچھا لگا لیتے ہیں۔

کیا اس عمل سے باقی گھر کی فرش ناپاک ہو جائے گی؟

رہنمائی فرما دیں۔

1 Answers
Mufti Muhammad Riaz Staff answered 5 years ago

الجواب
حامداو مصلیا ومسلما         
محض شک کی بنا پر کوئی چیز یا جگہ ناپاک نہیں ہوتی ہاں اگر غالب گمان یا یقین ہو جائے تو یہ ناپاک شمار کی جائے گی۔
باقی رہی دوسری صورت اس میں اسی طرح  سے پوچہ کرنے سے پرہیز کرنا چاہیئے البتہ اگر وہ جگہ خشک ہوگئی تو وہ پاک کے حکم میں ہوگی۔
چناچہ علامہ عالم بن علاء الانصاری متوفی [786]ھ فرماتے ہیں:
“من شک فی انائہ او ثوبہ او بدنہ : اصابتہ نجاسۃ اولا، فھو طاھر مالم یستیقن وکذا الآبار والحیاض۔۔۔۔۔۔۔۔۔ والحباب الموضوعۃ۔۔۔۔۔۔ فی الطرقات”
    الفتاوی التاتارخانیۃ :1/110 کتاب الطہارت نوع فی مسائل الشک 
ترجمہ: اگر کسی برتن یا  کپڑے یا بدن میں شک پڑ جائے کہ اس کو نجاست لگی ہے یا نہیں تو وہ اس وقت تک پاک شمار کیا جائے گا جب تک یقینی بات معلوم نہ ہو جائے یہی حکم کنواں اور حوضوں اور ان جگہوں کا ہے جو راستہ میں ہوں۔
 اور اسی طرح فتاوی ھندیہ میں  ہےکہ
[منھا] الجفاف وزوال الاثر الارض تطھر بالیبس وذھاب الآثر للصلوۃ لا للتیمم ۔
الفتاوی الھندیہ [1/49] الباب السابع فی النجاسۃ۔
ترجمہ: پاکی کے اسباب میں سے ایک سبب خشک ہو جانا اور اس ناپاکی کے اثر کا ختم ہو جانا ہے زمین خشک ہونے اور نجاست کا اثر ختم ہو جانے سے پاک ہو جائے گی اور یہ پاکی صرف نماز کے لئے ہے ناکہ تیمم کے لئے۔
فقط واللہ تعالی اعلم بالصواب
دارالافتاء مرکز اھل السنۃ والجماعۃ  سرگودھا پاکستان
8ربیع الاول1440ھ بمطابق17نومبر2018