AhnafMedia

انوکھی نیتیں

Rate this item
(5 votes)

انوکھی نیتیں

فروہ کریم، ملتان

زمزم کا پانی اللہ تبارک و تعالی کی عجیب نعمت ہے۔ یہ متبرک و مقدس پانی جس نیت سے پیا جائے اللہ تعالی اپنے فضل و کرم سے پورا فرمادیتے ہیں۔ آئیں دیکھتے ہیں کہ ہمارے بڑوں نے یہ پانی پیتے ہوئے کیسی کیسی مزے دار نیتیں کی ہیں۔

حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالی عنہ کی نیت:

حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ نے زمزم پیا اور یوں کہا :

اللھم اشرب لظما یوم القیامۃ

یعنی اے اللہ ! میں اس کو قیامت کے دن کی پیاس سے بچنے کی نیت سے پی رہا ہوں۔

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالی عنہ کی نیت:

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما زمزم پیتے تھے تو یہ دعا پڑھتے تھے

اللھم انی اسئلک علماً نافعاً و رزقاً واسعاً و علماً متقبلا

یعنی اے اللہ میں آپ سے علم نافع اور رزق واسع اور عمل مقبول کا سوال کرتا ہوں

حضرت امام اعظم ابوحنیفہ رحمہ اللہ تعالی کی نیت:

امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ تعالی نے زمزم پیتے ہوئے یہ نیت کی کہ یا اللہ مجھے اعلم العلماء یعنی اپنے زمانے کا سب سے بڑا عالم بنادیجئے۔

امام صاحب کی یہ دعا قبول ہوئی اور وہ اپنے زمانہ کے اعلم العلماء بنے اور فقہ میں جو ان کا مقام ہے وہ اہل حق پر عیاں ہے، ان کی فقاہت کا اہل حق میں سے کوئی انکار نہیں کرسکتا ۔

حضرت امام شافعی رحمہ اللہ تعالی کی نیت:

امام شافعی رحمہ اللہ تعالی علیہ کے بارے میں مشہور ہے کہ انہوں نے ماء زمزم تیر اندازی میں صحیح نشانہ لگانے کی نیت سے پیا، لہذا ان کا نشانہ صحیح لگنے لگا ، دس تیر میں سے نو تیر اپنے صحیح نشانے پر لگتے تھے۔

فالج کے مرض سے شفایاب ہونے کا واقعہ:

علامہ ذہبی رحمۃ اللہ علیہ نے سیر اعلام النبلاء میں لکھا ہے کہ عبداللہ بن مسلم الدینوری رحمہ اللہ یا ان کے صاحب زادے احمد بن عبداللہ کا بیان ہے کہ میں نے ایک جماعت کے ساتھ حج کیا ، اس جماعت کے ساتھ ایک مفلوج شخص تھا ، میں نے اس کو ایک دن دیکھا کہ وہ صحیح سالم ہے اور طواف کررہا ہے اور اس پر فالج کے بالکل آثار نہیں ہیں۔ میں نے اس سے پوچھا کہ تمہارہ فالج کیسے ٹھیک ہوا؟ اس نے جواب دیا کہ میں بیئر زمزم پر آیا اور میں نے زمزم لیا اور اس زمزم کو اپنی دوات میں ڈالا اور اس دوات کی روشنائی سے بسم اللہ الرحمان الرحیم لکھنے کے بعد سورہء حشر کی آخری تین آیات لکھیں اور سورہء اسراء کی آیت نمبر 86 لکھی پھر میں نے بارگاہ رب العزت میں عرض کی کہ یا اللہ آپ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ آب زمزم جس لئے پیا جائے وہ پورا ہوجاتا ہے ۔ اور یہ کلام آپ کا ہے ،پس مجھے شفاء دے دیجئے اپنی عافیت کے ساتھ ، پھر میں نے اس کو آبِ زمزم سے گھولا اور پی لیا ، پس مجھے عافیت مل گئی اور فالج کے مرض سے باذن اللہ نجات مل گئی ۔

امام زین الدین العراقی رحمہ اللہ تعالی کا قصہ:

امام المحدثین زین الدین نے آبِ زمزم مختلف نیتوں سے پیا ، ان کے پیٹ میں تکلیف تھی، اس سے نجات حاصل کرنے کے لئے زمزم پیا، اللہ تعالی نے نجات عطا فرمادی، شفایاب ہوگئے۔

حضرت علامہ ابن المبارک رحمہ اللہ تعالی کی نیت :

فوائد ابی بکر بن المقری میں سوید بن سعید رحمہ اللہ سے روایت ہے کہ میں نے ابن المبارک رحمہ اللہ تعالی علیہ کو دیکھا کہ وہ زمزم کے پاس آئے اور بارگاہ الہی میں یوں عرض کیا کہ " اے اللہ ! ابن المؤمل نے مجھے بیان کیا ہے اور ان کو ابو الزبیر نے بیان کیا ہے کہ حضرت جابر رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ماء زمزم لماء شرب لہ یعنی ماء زمزم جس مقصد کے لیے پیا جائے وہ پورا ہوجاتا ہے ، یا اللہ ! میں اس کو قیامت کے دن کی پیاس سے محفوظ رہنے کے لئے پی رہا ہوں۔

حضرت علامہ ابنِ قیم رحمہ اللہ تعالی کی نیت :

ابن قیم کا بیان ہے کہ میں نے آبِ زمزم کئی امراض سے نجات حاصل ہونے کی نیت سے پیا ، سو اللہ تعالی نے مجھے اپنے حکم سے ان امراض سے نجات عطاء فرمادی اور کہتے ہیں کہ مکہ مکرمہ میں مجھ پر ایسا وقت گزرا ہے کہ میں مریض تھا اور نہ طبیب میسر تھا اور نہ دوا موجود تھی ، پس میں آبِ زمزم شفاء کی نیت سے پیتا تھا اور زمزم پیتے ہوئے قرآن کریم کی آیت ایاک نعبد وایاک نستعین پڑھتا تھا اور بار بار ایسا ہی کرتا تھا ، پس مجھے مکمل شفاء حاصل ہوگئی ، پھر میں نے ماء زمزم بہت سے دردوں کے لئے پیا ، پس مجھے بہت زیادہ فائدہ ہوا۔

امام ابن خزیمہ رحمہ اللہ تعالی کی نیت:

امام ذہبی رحمہ اللہ علیہ نے لکھا ہے کہ حافظ ابن خزیمہ سے پوچھا گیا کہ آپ کو کہاں سے اتنا زیادہ علم حاصل ہوا ؟ انہوں نے جواب دیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے کہ ماء زمزم لما شرب لہ یعنی ماء زمزم جس کام کی نیت سے پیا جائے وہ پورا ہوجاتا ہے ، سو میں نے اس نیت سے زمزم پیا کہ یا اللہ ! مجھے علم نافع عطاء فرمادیجئے۔

آئیں دعا کریں کہ یا اللہ!ان تمام حضرات کی دعائیں ہمارے حق میں بھی قبول ہوجائیں۔

Read 3488 times

DARULIFTA

Visit: DARUL IFTA

Islahun Nisa

Visit: Islahun Nisa

Latest Items

Contact us

Markaz Ahlus Sunnah Wal Jama'h, 87 SB, Lahore Road, Sargodha.

  • Cell: +(92) 
You are here: Home Islamic Articles (Urdu) انوکھی نیتیں

By: Cogent Devs - A Design & Development Company