QuestionsCategory: صدقہعباسی قوم کے لیے صدقات لینے کا حکم
انس عباسی asked 3 years ago

سوال:

السلام وعلیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!

مفتی صاحب!

ہمارے گاؤں میں اکثریت عباسی خاندان آباد ہے۔ ان کے لیے صدقہ کھانا کیسا ہے؟ نیز ہمارے ہاں ایک معمول یہ ہے کہ جب کوئی بیمار ہو تو یہ طے کیا جاتا ہے کہ جب یہ ٹھیک ہو گا تو کچھ ذبح کر دیا جائے گا۔ عباسی لوگوں پر اس صدقے کے گوشت کا کیا حکم ہے؟

1 Answers
Mufti Shabbir Ahmad Staff answered 3 years ago

جواب:
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
[1]: عباسی خاندان کے لیے زکوٰۃ اور صدقاتِ واجبہ لینا جائز نہیں ہے۔ ہاں اگر ان کی امداد صدقاتِ نافلہ سے کر دی جائے تو بہتر ہے۔
[2]: اگر نذر مانی جائے کہ جب مریض ٹھیک ہو گا تو کوئی جانور ذبح کیا جائے گا۔ اس صورت میں عباسی لوگ اس میں سے نہیں کھا سکتے کیونکہ نذر کا گوشت بھی  ان لوگوں کو کھانا جائز ہے جو زکوٰۃ اور صدقاتِ واجبہ کے مستحق ہوں۔ عباسی خاندان چونکہ زکوٰۃ اور صدقاتِ واجبہ نہیں لے سکتا اس لیے نذر کا گوشت بھی نہیں کھا سکتا۔ ہاں اگر  یہ جانور نذر کے طور پر نہ ہو کہ محض شکرانے کے طور پر ذبح کیا جاتا ہو تو اس کی حیثیت صدقہ نافلہ کی ہے۔ اب اس میں سے  عباسی لوگ کھانا کھا سکتے ہیں۔
واللہ  اعلم بالصواب
دار الافتاء
مرکز اھل السنۃ والجماعۃ سرگودھا پاکستان
24 شعبان 1442ھ/ 8 – اپریل 2021ء