QuestionsCategory: نکاح و طلاقحلالہ کی شرعی حیثیت
Molana Abid Jamshaid Staff asked 6 years ago

حلالہ کا حکم کہ دوسری شادی اور ہمبستری لازمی ہے؟ یہ کہاں لکھا ہوا ہے؟ حوالے کے ساتھ بیان کریں۔

سبحان تنویر

1 Answers
Molana Abid Jamshaid Staff answered 6 years ago

اگر کسی آدمی نے اپنی بیوی کو تین طلاق دے دیں تو اس کی بیوی اس پر حرام ہو جائے گی اور اس کو دوبارہ پہلے شوہر سے نکاح کرنے کے لیے حلالہ ضروری ہو گا قرآن پاک میں اللہ جل شانہ ارشاد فرماتے ہیں :
’’فان طلقھا فلا تحل لہ من بعد حتی تنکح زوجا غیرہ ‘‘
سورۃ البقرۃ: 230
ترجمہ: پس اگر کسی نے اپنی بیوی کو طلاق دے دی اب اس کے لیے حلال نہیں ہے جب تک کہ وہ دوسرے شخص سے نکاح نہ کرلے
یہاں نکاح سے مراد نکاح کے بعد ہمبستری کرنا ہے صرف نکاح کافی نہیں اس کی دلیل ایک حدیث پاک ہے جس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد مبارک ہے :
’’عَنْ عَائِشَةَ أَنَّ رَجُلًا طَلَّقَ امْرَأَتَهُ (امْرَأَةً) ثَلَاثًا فَتَزَوَّجَتْ فَطَلَّقَ فَسُئِلَ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَتَحِلُّ لِلْأَوَّلِ قَالَ لَا حَتَّى يَذُوقَ عُسَيْلَتَهَا كَمَا ذَاقَ الْأَوَّلُ ‘‘
صحیح بخاری:رقم 5261، بَابُ مَنْ أَجَازَ (جَوَّزَ) طَلَاقَ الثَّلَاثِ
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ ایک شخص نے اپنی بیوی کو تین طلاقیں دے دیں اس عورت نے نکاح کیا پس اس نے طلاق دےدی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا گیا کہ کیا یہ پہلے شوہر کے لیے حلال ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تک اس کا شہد نہ چکھ لے جیسے کہ پہلے خاوندکا چکھا ہے اس وقت تک پہلے شوہر سے نکاح نہیں کر سکتی۔
لیکن یہاں یہ بات بھی یاد رہے کہ اس حلالہ سے مراد یہ ہے کہ عورت اپنی مرضی سے دوسری شادی کرے اور اس کے بعد یہ دونوں میاں بیوی آپس میں وظیفہ زوجین بھی ادا کریں بعد میں شوہر یا تو فوت ہو جائے یا گھریلوں ناچاکی اور آپس میں ان بن کی وجہ سے شوہر اسے طلاق دےدے اور یہ عدت گزارنے کے بعد واپس پہلے شوہر کے پاس جانا چاہیے تو اب اس کو اجازت ہوگی۔ اس کا مطلب قطعا یہ نہیں کہ سابقہ شوہر کسی اجنبی آدمی کے ساتھ مال کے عوض اس عورت سے ایسا محض اس لیے کروائے کہ وہ اس کو واپس نکاح میں لا سکے۔
آج کل جو حلالہ سنٹر کے نام سے ادارے کام کر رہے ہیں اور اس صورت میں ایک رات کے لیے وہ نکاح کرتے ہیں مقصود پورا کر کے پھر طلاق دےدیتے ہیں اور اس کی رقم اور فیس لیتے ہیں حدیث پاک میں اس کو کرائے کے سانڈ سے تعبیر کیا گیا ہے ایسا کرنا ناجائز اور حرام ہے لیکن اگر ایسا کر لیا جائے تو اس سے بھی بیوی پہلے شوہر کے لیے حلال ہو جاتی ہے
۔
مجیب: مولانا عبدالغفار اٹکی