QuestionsCategory: نمازرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ٹوپی پہننے کا ثبوت
Qari Umar asked 5 years ago

کیا اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز کے دوران اور نماز کے علاوہ ٹوپی پہنی ہے؟

1 Answers
Mufti Shabbir Ahmad Staff answered 5 years ago

جواب:
آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے نماز اور نماز کے علاوہ دیگر اوقات میں سر ڈھانپنا ثابت ہے کبھی ٹوپی سے اور کبھی پگڑی سے۔ چند روایات یہ ہیں:
1:            حضرت وائل بن حجر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، فرماتے ہیں:
أَتَيْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي الشِّتَاءِ فَوَجَدْتُهُمْ يُصَلُّونَ فِي الْبَرَانِسِ وَالأَكْسِيَةِ وَأَيْدِيَهِمْ فِيهَا․
 (المعجم الکبیر للطبرانی: ج4ص13 رقم الحدیث 15255)
 ترجمہ: میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں سردی کے موسم میں حاضر ہوا۔ میں نے ان کو (نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم) دیکھا کہ وہ ٹوپیاں پہنے اور چادریں اوڑھے ہوئے  نماز پڑھتےتھے  اور ان کے ہاتھ چادروں کے اندر ہوتے تھے۔
تصحیح حدیث:
علامہ نور الدین علی بن ابی بكر الہیثمی (ت 807ھ) لکھتے ہیں:
رواه الطبراني في الكبير ورجاله موثقون․ (مجمع الزوائد: ج2 ص184)
ترجمہ: اس حدیث کو امام طبرانی نے اپنی کتاب ”المعجم الکبیر“ میں  روایت کیا ہے اور اس کے راوی ثقہ و قابلِ اعتماد ہیں۔
2:            حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:
كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَلْبَسُ كُمَّةً بَيْضَاءَ․
(المعجم الکبیر للطبرانی: ج11 ص309)
ترجمہ: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سفید ٹوپی پہنا کرتے تھے۔
تحسین حدیث:
علامہ محمد عبد الرؤف مناوی  القاہری(ت1031ھ)لکھتے ہیں:
(طب عن ابن عمر ) باسناد حسن․
(التیسیر بشرح الجامع الصغیر: ج2 ص552 حرف الکاف)
ترجمہ: اس روایت کو امام طبرانی نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کیا ہے اور اس کی سند حسن درجہ کی ہے۔
3:             حضرت عمرو بن حریث رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ:
أن رسول الله صلى الله عليه وسلم خطب الناس وعليه عمامة سوداء․ (صحیح مسلم: باب جواز دخول مكۃ بغير ااحرام)
ترجمہ: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں کو خطبہ دیا تو آپ کے سر پر سیاہ رنگ کا عمامہ تھا۔
واللہ اعلم بالصواب
داار الافتاء،
مرکز اھل السنۃ والجماعۃ سرگودھا
02- اپریل 2019ء