QuestionsCategory: حج و عمرہعورت؛ احرام میں کس قسم کا جوتا پہنے؟
حافظ محمد مجاہد asked 5 years ago

میری والدہ محترمہ کا سوال ہے کہ جب عورت احرام کی حالت میں ہو تو کیا اس کے لیے قینچی والی چپل پہننا ضروری ہے یا کوئی بھی چپل پہن سکتی ہے؟

1 Answers
Mufti Shabbir Ahmad Staff answered 5 years ago

جواب:
مرد اور عورت کے احرام میں فرق ہوتا ہے۔ مرد کے لیے سلے ہوئے کپڑے پہننا، سر ڈھانپنا اور پاؤں کی ہڈی کا  چھپانا ممنوع ہے جبکہ  عورت کو اِحرام باندھنے کے لئے کسی خاص قسم کا لباس پہننا لازم نہیں ہے۔ اس لئے وہ معمول کے کپڑوں میں اِحرام باندھ لے البتہ چہرے کو اس طرح نہ ڈھکے کہ کپڑا اس کے چہرے کو لگے۔ اسی طرح عورت کے لیے پاؤں کی ہڈی کا  چھپانا بھی جائز  ہے اور نہ چھپانا بھی۔ لہذا عورت جس طرح کا جوتا پہننا چاہے پہن سکتی ہے، خواہ وہ قینچی چپل ہو، بند جوتا ہو یا کسی اور قسم کا ہو۔
علامہ علاء الدین محمد بن علی الحصکفی (م1088ھ) لکھتے ہیں:
(وَتَلْبَسُ الْمَخِيْطَ) وَالْخُفَّيْنِ وَالْحُلِيَّ  الخ
(الدر المختار: ج2 ص528 کتاب الحج)
ترجمہ: عورت احرام کی حالت میں سلا ہوا کپڑا، موزے اور زیورات پہن سکتی ہے۔
فتاویٰ عالمگیری میں ہے:
وَتَلْبَسُ مِنَ الْمَخِيْطِ مَا بَدَا لَهَا مِنَ الدِّرْعِ وَالْقَمِيْصِ وَالْخِمَارِ وَالْخُفِّ وَالْقُفَّازَيْنِ.
(فتاویٰ عالمگیری: ج1 ص260 باب کیفیۃ اداء الحج)
ترجمہ: عورت جس قسم کا سلا ہوا کپڑا پہننا چاہے پہن سکتی ہے جیسے  کُرتی (خاص قسم کی قمیص)،  قمیص، اوڑھنی، موزے اور  دستانے۔
دار الافتاء
مرکز اھل السنۃ والجماعۃ
سرگودھا، پاکستان
28-  ربیع الاول 1440ھ
7-  دسمبر 2018